اسلام آباد(پی این ایچ)علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد دیگر دو بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی نے آج دو پیغامات دئیے ہیں اور کہا ہے ان کے ساتھ اور بشری بی بی کے ساتھ ظلم ہورہا ہے میرے ٹی وی اور اخبارات بند کیے ہوئے ہیں، سپرنٹںڈنٹ جیل اور کرنل صاحب نے انسانی حقوق ختم کیے ہوئے ہیں میرے ساتھ ہوئے سلوک کا حساب ہونا چاہیے، یہ سب ایک شخص کے کہنے پر کیا جارہا ہے۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ لاہور اجلاس کو لے کر پارٹی میں اختلاف جان بوجھ کر پیدا کیا جارہا ہے، ذاتی اختلافات ختم کریں اور سارا فوکس تحریک پر رکھیں، تین سو پارلیمینٹیرینز لاہور مل کے جانے پر خوشی ہوئی، جو اختلاف پیدا کرے گا پارٹی میں اس کو میں خود دیکھ لوں گا، ہم جیلوں میں بیٹھے ہیں آپ اختلافات پیدا کررہے ہیں۔علیمہ خان نے کہا کہ ہم یہاں دو سال سے جیل آرہے ہیں، ہماری فیملی پارٹی کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری فیملی چاہتی ہے بانی کے پیغامات پر عمل درآمد ہو، ہمیں اب راستہ بنانا ہے بانی کی رہائی کا سپرنٹنڈنٹ جیل بانی کے ساتھ غیر انسانی سلوک ختم کریں۔
