اسلام آباد(پی این ایچ)ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 15فیصد اضافہ،وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی۔شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر سی کیرج شپنگ ڈاکیومینٹس (Sea Carriage Shipping Documents) بل، 2025 کے مسودے کے حوالے سے ضروری قانونی کاروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کی سفارش پر ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن (EOBI) کی پینشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی جس کا اطلاق یکم جنوری، 2025 سے ہو گا، پینشن میں یہ اضافہ ادارہ اپنے وسائل سے پورا کرے گا۔وزیراعظم نے ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن(EOBI ) میں اداراتی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کی۔یہ کمیٹی ادارے کی اصلاحات کے ساتھ ساتھ غیر منظم لیبر سیکٹر جیسا کہ گھریلو ملازمین، کاشتکاری سے وابستہ ملازمین اور اس طرح کے دیگر شعبوں کے ملازمین جنہیں اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا، کو اولڈ ایج بینیفٹس کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض کرے گی۔
