سابق آسٹریلوی فاسٹ بائولر کین رچرڈسن کا پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور(پی این ایچ)سابق آسٹریلوی فاسٹ بائولر کین رچرڈسن نے پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 34سالہ فاسٹ بائولرکین رچرڈسن نے بگ بیش لیگ سیزن کے اختتام پر انسٹاگرام کے ذریعے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ رچرڈسن نے یہ فیصلہ ایک طویل اور کامیاب کیریئر کے بعد کیا جس میں انہوں نے آسٹریلیا اور مختلف عالمی لیگز میں نمایاں خدمات انجام دیں۔کین رچرڈسن نے بگ بیش لیگ کے موجودہ سیزن کے لیے سڈنی سکسزرز کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ کیا تھاتاہم فٹنس اور دیگر وجوہات کے باعث وہ اس سیزن میں صرف دو میچز ہی کھیل سکے۔ اس کے باوجود، وہ بگ بیش لیگ کے ابتدائی سیزنز سے اس ٹورنامنٹ کا مستقل حصہ رہے اور لیگ کی تاریخ کے نمایاں باولرز میں شمار ہوتے ہیں۔ رچرڈسن نے اپنے بگ بیش کیریئر کا اختتام ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پانچویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باولر کے طور پر کیا جہاں انہوں نے مجموعی طور پر 142وکٹیں حاصل کیں۔اپنے ریٹائرمنٹ بیان میں کین رچرڈسن نے کہاکہ وہ بگ بیش لیگ کے اختتام پر پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2009میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کر لی ہیں اور اب اس شاندار سفر کو ختم کرنے کا یہی مناسب وقت ہے۔ رچرڈسن نے اپنے مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ نے انہیں ناقابلِ فراموش یادیں اور تجربات دئیے۔بین الاقوامی سطح پر کین رچرڈسن نے آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 25ون ڈے اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ وہ 2021میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ 2019آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ کین رچرڈسن نے دنیا بھر کی مختلف مقبول ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ان کی شرکت انڈین پریمیئر لیگ، ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ، دی ہنڈرڈ اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں رہی، جہاں انہوں نے ایک تجربہ کار اور موثر باولر کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔ کین رچرڈسن کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ آسٹریلوی کرکٹ کا ایک اہم باب اختتام کو پہنچ گیا ہے۔