اسلام آباد (پی این ایچ)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے انتہائی مشکل معاشی حالات، منفی پروپیگنڈے اور دیوالیہ پن کے خدشات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کی درست راہ اختیار کر لی ہے۔بیرسٹر دانیال چوہدری راولپنڈی میں منعقدہ فرنیچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں شاہد غفور پراچہ،سردار ثاقب نسیم سمیت تاجر برادری، انجمن تاجران کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔بیرسٹر دانیال نے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ پاکستان 24 گھنٹوں میں دیوالیہ ہو جائے گا، مگر آج وہی پاکستان معاشی بہتری اور استحکام کی مثال بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ اور بروقت پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے اور معیشت دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو خیرباد کہے گا، جس کے بعد ملکی معیشت میں خودکار طور پر مزید بہتری آئے گی اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔انہوں نے راولپنڈی کی تاجر برادری کی قومی معیشت میں مرکزی کردار ادا کرنے کی خدمات کو سراہا، اور فرنیچر مارکیٹ کو پاکستان کی بہترین مارکیٹس میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں اسے باقاعدہ شامل کیا جائے گا، جبکہ پارکنگ سمیت تاجروں کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں گے۔
پاکستان ترقی، خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، بیرسٹر دانیال چوہدری
