پیسے کھانے والے بڑے پروڈیوسرز بن گئے ،فضیلہ قاضی

کراچی (پی این ایچ)سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ صرف وہی لوگ مشہور ہوئے جو کسی کا پیسہ کھا گئے۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ آج کے کئی کامیاب پاکستانی پروڈیوسرز وہی افراد ہیں جنہوں نے ماضی میں اداکاروں کیساتھ مالی بددیانتی کی اور ان کی ادائیگیاں روکیں۔ہمایوں سعید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فضیلہ قاضی نے کہا کہ اگر وہ میرے گھر آئیں تو میں انہیں صرف ایک کپ چائے پیش کروں گی، ویسے بھی چائے پلانا ہی بہت بڑی بات ہے، تکنیکی طور پر تو مجھے اتنا بھی نہیں کرنا چاہئے، لیکن میں مہمان نواز انسان ہوں، اس کے علاوہ میں اور کیا کہہ سکتی ہوں؟فضیلہ قاضی نے کہا کہ پاکستان میں کئی بڑے پروڈیوسرز ماضی میں اداکاروں کے ساتھ کئے گئے فراڈ اور اسکینڈلز کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداکار مختلف لوگوں سے پیسے لے کر ڈرامے بناتے رہے، اپنا چہرہ بیچا، دوستوں کو اپنے پراجیکٹس میں شامل کیا اور آج وہ بڑے پروڈیوسرز بن چکے ہیں۔ کبھی ادائیگی کی، کبھی نہیں کی۔ وہ فراڈ کے ذریعے ہی آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ دوسروں کی ادائیگیاں روکتے تھے، وہ بار بار زیرِ بحث آنے کے باعث مشہور ہوتے گئے۔ بعض لوگ صرف لوگوں کے پیسے کھا کر ہی مشہور رہتے ہیں اور مزید مقبولیت حاصل کرتے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پروڈکشن ہاس میں کبھی کسی کا پیسہ نہیں روکا تو آج کسی کو پتہ ہی نہیں ہے کہ ہمارا بھی کبھی پروڈکشن ہائوس ہوا کرتا تھا۔