ڈی آئی خان،پولیس پر فائرنگ ،ایس ایچ او سمیت 4اہلکار شہید

ڈی آئی خان(پی این ایچ)ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے وانڈہ بڈھ پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ پنیالہ فہیم ممتاز شہید اور دیگر اہلکار شہید ہوگئے جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے بتایا کہ حملے میں ڈی ایس پی پہاڑپور حافظ محمد عدنان بھی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے فرض کی راہ میں شہادت کا بلند رتبہ پایا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے پولیس کی قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ڈی ایس پی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ پولیس پر حملے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے کیا اور حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔