گلگت بلتستان،آزادکشمیر کے عوام کےلئے وزیراعظم صحت کارڈ کا اجرا

اسلام آباد(پی این ایچ)وزیراعظم نے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کے لیے مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے والے وزیراعظم صحت کارڈ پروگرام کا باقاعدہ اجرا کردیا۔وزیراعظم صحت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ کا اجرا عوامی فلاح کے عزم کا تسلسل ہے اور حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت زندگی کی سب سے قیمتی نعمت ہے، صحت ہوگی تو تعلیم، کھیل اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی ممکن ہوگی، اشرافیہ تو بیرون ملک مہنگا علاج کرواسکتی ہے مگر عام آدمی، مزدور اور غریب طبقے کے لیے علاج ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے، اسی لیے یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے پروگرام میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں صحت کارڈ پروگرام کے اجرا کی تجویز قابل غور ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات کر کے اس حوالے سے حل نکالا جائے گا تاکہ وہاں کے عوام کو بھی یہ سہولت میسر ہو، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں صحت سے متعلق پروگرام کامیابی سے جاری ہیں اور اربوں روپے عوامی صحت پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔