اربعین مارچ موخر،7 نکاتی معاہدہ طے،حکومت نے MWM کومنا لیا

کراچی،اسلام آباد(پی این ایچ)زائرین کے اربعین مارچ کے معاملے پر وفاقی و صوبائی حکومت اور مجلس وحدت المسلمین(ایم ڈبلیو ایم) کی قیادت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، گورنر سندھ، ایم ڈبلیو ایم اور ایم کیو ایم کی قیادت نے مشترکہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔طلال چوہدری، جو خصوصی طور پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کراچی پہنچے، نے کہا کہ زائرین کے پیدل سفر پر پابندی سیکیورٹی خدشات کے باعث عائد کی گئی تھی، جو ایک تکلیف دہ مگر ناگزیر فیصلہ تھا۔گورنر سندھ نے بتایا کہ انہوں نے رات گئے زائرین سے ملاقات کی اور صورتحال کو وفاقی حکومت کے سامنے رکھا۔انہوں نے کہا کہ زائرین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیدل سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی تھی، تاہم تمام فریقین کی مشاورت سے 7 نکاتی معاہدہ طے پایا، جس پر مکمل عملدرآمد کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔طے پانے والے 7 نکات میں شامل ہیں:1،زائرین کے لیے مخصوص فلائٹ آپریشن دو روز میں شروع کیا جائے گا۔2،ایڈوانس میں دیے گئے بس کرایوں کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔3،ایراقی حکومت سے ویزہ کی مدت میں توسیع کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔4،زمینی سفر کے متبادل انتظامات پر بھی غور کیا جائے گا۔5،بارڈر پر موجود اسٹوڈنٹس کے لیے فوری احکامات جاری کیے جائیں گے۔6،پیدل مارچ روکنے کے فیصلے پر حکومت زائرین سے معذرت خواہ ہے۔7زائرین کے مسائل کے حل کے لیے مستقل رابطہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔