او جی ڈی سی نے مالی سال 2025 کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے نتائج کا اعلان کیا۔ او جی ڈی سی ایل نے 401.178 ارب روپے کی سیلز ریونیو کے ساتھ 169.904 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو فی حصص آمدن (ای پی ایس) 39.50 روپے کے برابر ہے۔ بورڈ نے فی حصص 5 روپے (50 فیصد) کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا، جس کے ساتھ سال بھر میں کل ادائیگی فی حصص 15.05 روپے (150.5 فیصد) ہوگئی جو کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ ڈیویڈنڈ ہے۔ او جی ڈی سی نے سال کے 264 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے اور 3.192 ارب امریکی ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت کی، جو ملکی معیشت میں اس کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ او جی ڈی سی نے سال کے دوران پانچ نئی دریافتوں کا اعلان کیا، پندرہ نئے کنویں کھودے اور 2025 کی بولی میں سات نئے بلاکس حاصل کیے، جس سے اس کا پورٹ فولیو مزید مستحکم ہوا۔ سیکیورٹی چیلنجز اور گیس کی طلب میں کمی کے باوجود او جی ڈی سی نے جرات مندی کے ساتھ تلاش و کھدائی کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اوسط خالص پیداوار 30,919 بیرل یومیہ تیل، 652 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس، اور 642 ایم ٹی ڈی ایل پی جی رہی، جو زیادہ تر کمپنی کے مکمل طور پر زیرِ ملکیت و زیرِ انتظام فیلڈز سے حاصل ہوئی، اور اس نے قومی پیداوار میں اپنی سبقت برقرار رکھی۔ اگر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے نشپہ، قادرپور اور بیٹانی فیلڈز سے گیس نہ روکی ہوتی اور اوچ فیلڈ میں اوچ پاور کی طلب میں کمی نہ آتی تو پیداوار 32,709 بیرل یومیہ تیل، 743 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 714 ایم ٹی ڈی سلفر تک پہنچ جاتی۔ اہم ترقیاتی منصوبے جن میں جھل مگسی فیلڈ کا آغاز اور دھکنی، کے پی ڈی-ٹی اے وائی اور اوچ پر کمپریشن سہولتوں میں پیشرفت شامل ہیں،مستقبل میں پیداوار بڑھانے میں مددگار ہوں گے۔ اس کے ساتھ ریکو ڈک، ابو ظہبی آف شور بلاک-5 اور جیوتھرمل منصوبے کمپنی کی طویل المدتی ترقی کو مزید تقویت دیں گے۔او جی ڈی سی نے پرانے فیلڈز جیسے راجیان، فِم کسر، مسہ کسوال اور توت فیلڈ میں پروڈکشن آپٹیمائزیشن پلان پر عملدرآمد جاری رکھا۔ کمپنی نے ٹائٹ گیس منصوبے شروع کیے اور شیل گیس پائلٹ پروجیکٹ کے تحت فیز-2 ہورائزنٹل فریک جابز کے ڈیزائن کو بھی حتمی شکل دی۔ کمپنی نے اپنے کارپوریٹ گورننس فریم ورک کو مزید مضبوط کیا اور پائیداری، ای ایس جی اور تنوع و شمولیت کو اپنے آپریشنز کا حصہ بنایا۔ ماحولیات کے تحفظ، ورک فورس کی شمولیت اور ذمہ دار کاروباری طرزعمل پر اقدامات جاری رکھے، جس سے او جی ڈی سی ایک شفاف، جوابدہ اور مستقبل بین ادارے کے طور پر نمایاں ہوا۔کارپوریٹ ڈسکلوژر میں کمپنی کی قیادت کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی ”ٹرانسپیرنسی اِن کارپوریٹ رپورٹنگ (TRAC) 2024 اسیسمنٹ” میں بھی تسلیم کیا گیا، جہاں او جی ڈی سی مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر رہا اور 93.09 فیصد اسکور کے ساتھ عوامی شعبے کی کمپنیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مینجمنٹ اور ملازمین کی آپریشنل کارکردگی، مالی نظم و ضبط اور ڈائیورسفیکیشن پر توجہ کو سراہا، جس کی بدولت کمپنی نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیویڈنڈ دیا اور ملک کی نمایاں توانائی فراہم کنندہ کے طور پر اپنا کردار برقرار رکھا۔ بورڈ نے یقین ظاہر کیا کہ او جی ڈی سی اپنی وسائل کی بنیاد کو مزید مضبوط کرے گا اور شیئر ہولڈرز و اسٹیک ہولڈرز کے لیے طویل المدتی ویلیو پیدا کرتا رہے گا۔* جاری کردہ:ذیشان زیدی، منیجر ایکسٹرنل کمیونیکیشنز او جی ڈی سی موبائل: 03000506560، 03008222685