مظفرآباد(این این آئی) آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں تین روز بعد بھی بدستور بند رہیں جس کے باعث بالائی علاقوں میں نظام زندگی متاثر ہوگیا اور سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق 7 اضلاع کی بند شاہراہوں کی بحالی کیلئے مشینری کام کر رہی ہے، مظفرآباد سے پیر چناسی شاہراہ زاہد چوک سے بند جبکہ ضلع نیلم شاہراہ دواریاں سے تاؤ بٹ شاہراہ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے ادھر نیلم ویلی کے بیشتر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی برفباری سے بند رہیں، بند شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری رہا، لیپہ ویلی شاہراہ بھی ریشیاں سے بند رہی، باغ سے جہلم ویلی کو ملانے والی شاہراہ سدھن گلی سے بدستور بند رہی، باغ سے محمود گلی اور لسڈنہ شاہراہ بھی بند کی گئی ہے،اس کے علاوہ پونچھ سے مظفرآباد، پونچھ سے باغ، راولاکوٹ سے تھوراڑ شاہراہ بھی برفباری سے بند رہی، راولاکوٹ سے ہجیرہ شاہراہ بھی ٹریفک کیلئے بند رہی، سدھنوتی اور حویلی کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں بھی برفباری سے بند رہیں۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ برفباری سے آزاد کشمیر کے 2 گھر مکمل جبکہ 4 کو جزوی نقصان پہنچا ، جہلم ویلی میں ایک دکان بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔
برفباری ،آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کی سڑکیں ،بجلی ،فون سروس بدستور بند، نظام زندگی متاثر
