راولپنڈی(پی این ایچ) دخترِ مشرق اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی 27 دسمبر کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی تھیں اور عملی سیاست میں آ کر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔ انہوں نے آمریت کے خلاف جدوجہد، جمہوریت کی بحالی، آئین و پارلیمان کے استحکام، خواتین کے حقوق اور عوامی فلاح کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو دو مرتبہ پاکستان کی وزیرِ اعظم منتخب ہوئیں۔ ان کا پہلا دورِ حکومت 1988 سے 1990 جبکہ دوسرا دور 1993 سے 1996 تک رہا۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ کسی بھی مسلم ملک کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم تھیں۔ مشرف کے آمرانہ دور میں جب وہ میثاقِ جمہوریت کرکے پاکستان آئیں تو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کے بعد وہ ایک دہشت گرد حملے میں شہید ہو گئیں۔ ان کی شہادت کو ملک کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک باب قرار دیا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے جمہوری وژن اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔
بینظیر بھٹو کی شہادت کو 18سال بیت گئے
