حماس کے ترجمان ابوعبیدہ اسرائیلی حملے میں شہید

مقبوضہ بیت المقدس (پی این ایچ)فلسطین کی مزاحمت کار تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام کے ترجمان ابوعبیدہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ذرائع اور اہل خانہ نے ابوعبیدہ کی شہادت کی تصدیق کی اور بتایا کہ گزشتہ روز انہیں فلیٹ پر حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا ہے۔اس حوالے سے ابھی تک حماس کا کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تاہم فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابو عبیدہ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ غزہ میں اپنے فلیٹ پر موجود تھے۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے ایک کارروائی کے نتیجے میں القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا تھا۔ذرائع کے مطابق ابوعبیدہ چند روز سے اس فلیٹ میں مقیم تھے جسے گزشتہ روز اسرائیلی طیاروں نے راکٹ کے ذریعے نشانہ بنایا اور وہ حملے کے وقت گھر پر ہی تھے۔ادھر القسام بریگیڈ کے ذرائع سے بھی ابوعبیدہ کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں 77فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 63 ہزار 300 سے تجاوز کرگئی ہے۔