حکومت پاکستان کا سیف گیمز آئندہ سال مارچ میں کروانے کا اعلان

اسلام آباد (پی این ایچ)سائوتھ ایشین گیمز کے پاکستان کے انعقاد کے حوالے سے حکومت نے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے 14ویں سیف گیمز آئندہ سال مارچ میں کروانے کا اعلان کرتے ہوئے سائوتھ ایشین اولمپک کونسل کو مکمل یقین دھانی کروا دی جبکہ سیف گیمز 23 سے 31 مارچ 2027 تک پاکستان میں ہی منعقد ہوں گے۔ یہ فیصلہ سائوتھ ایشین اولمپک کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا، جو اولمپک کونسل آف ایشیا کی 46ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر تاشقند میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سائوتھ ایشین اولمپک کونسل عارف سعید شریک ہوئے جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی وفاقی سیکرٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمود بھی موجود تھے۔سائوتھ ایشین اولمپک ممالک نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ سیف گیمز کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگاجبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو انتظامی اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر شیڈول میں ایک ہفتے تک ردوبدل کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام کھیلوں کے مقابلے اور ایونٹس وہی ہوں گے جو فروری 2025 میں لاہور میں ہونے والے ساوتھ ایشین اولمپک کونسل کے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں طے کیے گئے تھے۔وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے اجلاس میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے گیمز کے کامیاب انعقاد، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے سائوتھ ایشین ممالک کو مئی 2026 میں پاکستان آنے کی دعوت بھی دی تاکہ تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔واضح رہے کہ ساوتھ ایشین گیمز اس سے قبل جنوری 2026 میں پاکستان میں شیڈول تھے، تاہم تیاریوں کے باعث انہیں مؤخر کر دیا گیا تھا۔