راولپنڈی (پی این ایچ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ لوگوں کی اپیلیں سنی جائیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو 40 سال کی سزائیں ہوئی ہیں، چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ اپیلیں سنی جائیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میرے بھتیجے کو 40 سال کی سزا ہوئی، لوگوں کے گھروں میں ماتم چل رہا ہے، جو قصور وار ہیں ان کو سزائیں ملیں اور جو بے قصور ہیں ان کو رہائی نصیب ہو۔انہوں نے کہا کہ شب برات کے دن میری دعا ہے کہ حکومت کاشتکاروں کے لیے کچھ کرے، کاشتکار رل گئے ہیں ان کی صورتِ حال بہت خراب ہے۔انہوںنے کہا کہ 8 ہزار ریڑھیاں اور کھوکے تباہ ہوچکے ہیں، شہر میں سناٹا ہے، ہم نے راولپنڈی میں 60 تعلیمی ادارے بنائے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ کالج اور یونیورسٹیاں خالی ہیں، تعلیمی اداروں میں پڑھانے والے زیادہ اور پڑھنے والے کم ہیں۔
خدارا،قصورواروں کو سزا اور بے قصوروں کو رہا کریں،شیخ رشید
