خواجہ رفیق شہید کی زندگی سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے ،فرزانہ کوثر

راولپنڈی(پی این ایچ)مسلم لیگ ن کی رہنماء و فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام فرزانہ کوثر نے شہید خواجہ محمد رفیق کی برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ محمد رفیق پاکستان میں جمہوریت، آئین اور عوامی بالادستی کی جدوجہد کی ایک درخشاں علامت تھے۔شہید خواجہ محمد رفیق نے آمریت کے اندھیروں میں حق اور سچ کا علم بلند رکھا اور کسی دبا ئویا خوف کے بغیر اصولی سیاست کی مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ محمد رفیق جیسے رہنما قوموں کی تاریخ میں بہت کم پیدا ہوتے ہیں جو ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔فرزانہ کوثر نے مزید کہا کہ مارشل لا کے دور میں شہید خواجہ محمد رفیق نے جمہوریت کی بحالی کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور بالآخر اپنی جان کا نذرانہ دے کر ثابت کیا کہ نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے سیاست دانوں کو شہید خواجہ محمد رفیق کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہیے اور عوامی خدمت، آئین کی پاسداری اور جمہوری اقدار کو اپنی سیاست کا محور بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قوم شہید خواجہ محمد رفیق کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔