سوات(پی این ایچ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاہے کہ بند کمروں کے فیصلوں کے باغی ہیں،گورنر راج کی کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے ۔مینگورہ میں سٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کے خلاف کھل کر کھڑے ہیں اور خیبرپختونخوا پر گورنر راج یا کسی بھی غیر آئینی اقدام کی سازش کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ دوجنگی چوک مینگورہ پہنچے جہاں کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں نے ان کا شاندار استقبال کیا، قافلے کا قمبر چوک، بلو گرام چوک اور بریکوٹ میں بھی جگہ جگہ استقبال کیا گیا اور بعد ازاں مختلف مقامات پر انہوں نے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن مینا خان آفریدی، وزیر اطلاعات شفیع جان، ایم این اے شاہد خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر امجد علی، ایم این اے سلیم الرحمن، ایم این اے سہیل سلطان، ممبران صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان، حمید الرحمن ،علی شاہ خان ایڈووکیٹ اختر خان ایڈووکیٹ، محمد نعیم اور پارٹی کے دیگر رہنما موجود تھے، خطاب میں وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے جب انہیں وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا تو ان کی مخالفت کی گئی مگر خیبرپختونخوا کے عوام نے ووٹ کے ذریعے عمران احمد خان نیازی کوواضح مینڈیٹ دیا اور اب صوبے میں راج بھی عمران خان کا ہی چلے گا، انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے خلاف منظم انداز میں بیانیے بنائے گئے، انہیں دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ۔ وزیراعلیٰ نیکہا کہ ان کے خلاف گورنر راج لگانے، نااہل کرنے اور حتی کہ قتل تک کے منصوبے بنائے گئے جبکہ ان کے آبائی حلقے تیرہ میں آپریشن شروع کرکے لوگوں کو بے گھر کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم فوج اور اداروں کے خلاف نہیں ہیں لیکن بند کمروں میں عوامی رائے کے خلاف کیے گئے فیصلوں کی کھل کر مخالفت کریں گے اور ایسے فیصلوں کے باغی رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور اداروں کے درمیان تصادم پیدا کرنے کی دانستہ کوشش کی جارہی ہے تاکہ خیبرپختونخوا حکومت کو بدنام کیا جا سکے، انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انہیں اطلاع ملی کہ فوج کا ایک جوان شہید ہوا ہے تو وہ اجلاس چھوڑ کر جنازے میں شریک ہوئے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اداروں کا احترام کرتے ہیں، وزیراعلی سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ آج کے بعد وفاقی حکومت سے ہونے والی ہر بات تحریری اور ثبوت کے ساتھ ہوگی، انہوں نے کہا کہ سوات غیرت مندوں کی سرزمین ہے، یہاں کے عوام خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مقدمہ لڑنے پر مراد سعید کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا مگر ہم مراد سعید کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ عوام کے حق میں ڈٹے ہوئے ہیں، وزیراعلی نے کہا کہ عمران خان نے جیل سے سٹریٹ موومنٹ کا واضح حکم دیا ہے، مینگورہ میں عوام کے جذبے کو دیکھ کر ثابت ہوتا ہے کہ لوگ تیار ہیں، عمران خان نے مذاکرات اور احتجاج کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر راجا کو دیا ہے اور اس بار احتجاج پوری تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ کیا جائے گا۔
دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ، گورنر راج کی سازش قبول نہیں کرینگے ،سہیل آفریدی
