راولپنڈی ویمن چیمبر اور ویمن ویلفیئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

راولپنڈی (پی این ایچ)خواتین کی معاشی خودمختاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے تحت راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ویمن ویلفیئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے مابین مفاہمتی یادداشت (LOU)پر دستخط کیے گئے۔اس مفاہمتی یادداشت کے تحت راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس سے وابستہ کامیاب اور تجربہ کار خواتین ویمن ویلفیئر ڈویلپمنٹ سنٹر میں کام کرنے والی بچیوں کے ساتھ اپنے عملی تجربات، کاروباری مہارتیں اور پیشہ ورانہ رہنمائی شیئر کریں گی، تاکہ بچیوں کو عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔اس موقع پر راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس کی طرف سے صدر قرا ة العین خان نے سینئر نائب صدر نیشا خرم اور نائب صدر حنا ذوالفقار کے ساتھ نمائندگی کی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قراة العین خان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ ویمن چیمبر کی نمائندہ خواتین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بچیوں کی رہنمائی، تربیت اور مینٹورشپ میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ویمن ویلفیئر ڈویلپمنٹ سنٹر کی انچارج عصمت جبیں آفریدی نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے بچیوں کو نہ صرف عملی تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ انہیں کاروبار، مارکیٹنگ، ہنر مندی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے بھی آگاہی حاصل ہوگی۔تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مستقبل میں مشترکہ تربیتی پروگرامز، ورکشاپس اور سیمینارز کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا گیا۔