مظفرآباد(پی این ایچ)صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر اور مسلم کانفرنس ایک ہی تصویر کے دو رخ ہیں۔ مسلم کانفرنس آنے والی نسلوں کی وقار کی ضمانت ہے۔کورکمیٹی کے فیصلے کے نتیجے میں مسلم کانفرنس نے آئندہ انتخابات میں آزادکشمیر کے تمام انتخابی حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وقت حالات اور تجربات نے مسلم کانفرنس کی اہمیت اور افادیت میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ کشمیر بنے گا پاکستان صرف نعرہ ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔کشمیر میں آج تک دی جانے والی تمام قربانیوں کا تعلق صرف اور صرف الحاق پاکستان سے ہے۔کشمیرمیں آج تک دی جانے والی 5لاکھ سے زائد انسانی قربانیوں کی بنیاد صرف اور صرف کشمیر بنے گا پاکستان ہے۔ہماری موجودہ آزادی کی بنیاد بھی یہی نظریہ الحاق پاکستان ہے۔کشمیر میں کسی دوسرے نظریے پر کوئی انسان تو کیا بلی کا بچہ بھی قربان نہیں ہوا۔صدرمسلم کانفرنس نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں عدم استحکام کے تانے بانے کئی سازشوں سے ملتے ہیں۔آزاد کشمیر میں عدم استحکام ہندوستان کی دیرینہ خواہش کا نتیجہ ہے۔ بعض مغربی طاقتیں چین کے دروازے پر افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہیں۔خود مختار کشمیر کا تصور آزادی ہند کے اصولوں سے متصادم اور اہل کشمیر کو بند گلی میں دھکیلنے کا سبب بن سکتا ہے۔ کئی قابل فہم وجوہات کی بنیاد پر خود مختار کشمیر کا نعرہ قطعا ناقابل عمل ہے۔ اس خطے میں کسی بھی ایک ریاست کا خود مختار ہونا سارے خطے کو تقسیم کے عمل سے دوچار کر سکتا ہے۔صدرمسلم کانفرنس نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو کمزور کرکے سیاسی کارکنوں اور جماعتوں کو بے توقیر کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خانے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے زیراہتمام کشمیر بنے گا پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوںنے کہا کہ بنیان مرصوص نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا لوہا منایا ہے۔معرکہ حق ہندوستان کے پچاس سالہ منفی پراپیگنڈے کا موثر اور کامیاب جواب ہے۔فیلڈ مارشل کی مومنانہ قیادت نے پاکستان کی شکست خوردہ اور معذرت خواہانہ پالیسیوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ ملٹری ڈیموکریسی اور ملٹری ڈپلومیسی نے ساری دنیا میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے ہمیشہ پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی کا درس دیا ہے۔مسلم کانفرنس کا پاکستان کے ساتھ تعلق کسی حکومت یا جماعت کے رویے سے مشروط نہیں ہے۔ ہم ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ وابستگی کو غیر مشروط نبھانا چاہتے ہیں۔ہمارا پختہ یقین ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں دی جانے والی لاکھوں شہادتیں کبھی رائیگاں نہیں جاسکتیں۔مسلم کانفرنس کی کور کمیٹی نے تمام حلقہ جات میں امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کنونشن سے مسلم کانفرنس کے سابق صدر مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل میڈم مہرالنسائ، مقصود احمد شیخ، میڈم شمیم علی ملک، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، سید یاسر نقوی ایڈووکیٹ، سید تصور عباس موسوی،سید غلام نبی شاہ،صوبیدار منظور عباسی، سجاد انور عباسی،راجہ وقار احمد خان، میڈم سمعیہ ساجد، میمونہ کیانی ایڈووکیٹ، سجاد قریشی،محمد سلیم اعوان، میر رضوان ایڈووکیٹ، راجہ احسان حیدر، راجہ قذافی الطاف، مہتاب رسمی ایڈووکیٹ، اشفاق احمد ڈار، منیر احمد قریشی، سردار مبشر جہانداد، سردار جہانداد عباسی، گوہر زمان عباسی، ثقلین فدا کاظمی، ذیشان عباسی، سردار شفیق الرحمان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر اپر نیلم سیمعروف سیاسی خاندان کے چشم وچراغ مجاہد اول کے دیرینہ ساتھی محمد افضل بٹ کے فرزند عابد اندلیب بٹ نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ریاست جموں وکشمیر ،مسلم کانفرنس ایک ہی تصویر کے دو رخ ہیں، سردار عتیق احمد
