لاہور(پی این ایچ)دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظرکائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کیں جن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ” را”کے ایجنٹ سمیت 49 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک ہفتے کے دوران مختلف آپریشنز کیے گئے جن میں لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” کا ایجنٹ مجتبیٰ گرفتار کیا گیا، گرفتار بھارتی ایجنٹ کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور اہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے۔حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے،ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 6 ہزار 131 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 599مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 لاکھ 43 ہزار 546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔حکام کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور،راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ،حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں،سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، را ایجنٹ سمیت 49 دہشتگرد گرفتار
