راولپنڈی(پی این ایچ)وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر آج رات فیکٹری ناکے پر دھرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ عمران خان کی خرابی صحت کو چھپانا طبی دہشت گردی ہے، ہم رات یہی گزاریں گے، اگر ملاقات نہ ہوئی تو صبح اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لیڈر کو ہفتے کی رات جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، سوال یہ ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کی حالت یہاں تک کیوں پہنچی کہ انہیں اسپتال لے جانا پڑا؟ بانی کی بیماری کو کیوں چھپایا گیا؟ بانی کی صحت کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو کیوں نہیں بتایا گیا؟ حالات اگر اتنے سنگین تھے تو بانی کے ذاتی معالج کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟ ہفتے سے لے کر آج تک اس بات کو کیوں چھپایا گیا اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟بانی کی زندگی کے ساتھ مذاق کیا گیا یے، بانی کی زندگی کے ساتھ مذاق یہ قوم برداشت نہیں کرے گی، ضروری ہے کہ حالات کو مزید سنگینی سے بچانے کے لیے عمران خان کے اہل خانہ، پارٹی اور وکلا کی ملاقات کرائی جائے، عمران خان کو ناحق قید میں رکھا گیا، بانی پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے عمران خان کی خرابی صحت کو چھپانا میڈیکل ٹیررازم ہے، ہر انسان کا بنیادی حق ہے وہ اپنے ذاتی معالج سے علاج کرائے۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھگوڑا لندن بھاگ گیا تھا جس کے جعلی طریقے سے پلیٹ لیٹس گرے تھے اس کے لیے پوری دنیا سر پر اٹھائی گئی،میڈیا کو عمران خان کی صحت پر آواز اٹھانی چاہیے، میں بانی کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہوں، بانی کی صحت کے حوالے سے پوری قوم غصے میں ہے، جس طرح ایک تصدیق شدہ چور کے لیے آواز اٹھائی گئی اسی طرح بانی کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے۔
عمران خان سے ملاقات ،سہیل آفریدی نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دیدیا
