فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام فرزانہ کوثر کی خصوصی بچوں کیلئے خصوصی کاوش

اسلام آباد(پی این ایچ)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن فرزانہ کوثر کی خصوصی کاوشوں سے خصوصی بچوں کے روشن مستقبل کی جانب پہلا عملی قدم اٹھا لیا گیا۔ اسلام آبادکے نواحی علاقوں پنڈ بھگوال ،پھلگران ،سیری ،بھارہ کہو سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچے پہلی مرتبہ اپنے اسکول کی بس میں سوار ہو کر تعلیم کے سفر پر روانہ ہوئے، جو والدین اور اہل علاقہ کے لیے بے حد خوشی اور مسرت کا باعث بنا۔ اس مثبت پیش رفت سے حلقے کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اہل علاقہ نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن فرزانہ کوثر کی انتھک محنت،خلوص اور سماجی خدمت کو سراہتے ہوئے ان کے لیے ڈھیروں دعائوں اور تشکر کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف خصوصی بچوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ انہیں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اہل علاقہ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت فلاحی اقدامات جاری رہیں گے، تاکہ خصوصی بچوں کو خود مختار اور باوقار زندگی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن فرزانہ کوثرکا کہنا تھا کہ نوجوان ہی کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور وہ قومیں کبھی ترقی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی جو اپنا سرمایہ اپنے مستقبل پر صرف نہ کریں ۔فرزانہ کوثر نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی سہولیات دستیاب ہوں ،باالخصوص خصوصی بچوں پر بھی حکومت کی توجہ ہے تاکہ وہ بھی زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ سکیں ۔فرزانہ کوثر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ماضی میں بھی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لئے مثالی اقدامات کئے اور اب بھی میاں شہبازشریف کی قیادت میں حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔