ملزم پر سرکاری عہدے کا غلط استعمال اور ذاتی فائدہ لینے کے الزامات نظراندازنہیں کئے جاسکتے ،جج شاہ رخ ارجمند
اسلام آباد(پی این ایچ)اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمندنے فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ضمانت منسوخی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیاہے کہ ملزم پر جعلی رجسٹری اور انتقال درج کرنے کا الزام ہے، مدعی مقدمہ کو 1 کنال زمین منتقل کرنے کے بجائے دھوکا دہی سے 10 مرلہ منتقل کرنے کا الزام ہے۔فیصلے میں کہاگیاکہ ملزم پر سرکاری عہدے کا غلط استعمال اور ذاتی فائدہ لینے کے الزامات ہیں جبکہ استغاثہ کے مطابق اصل حقائق تک رسائی اور تفتیش کیلئے ملزم کی گرفتاری ضروری ہے۔استغاثہ کے مطابق شکایت کنندہ کے بیان یا سمجھوتے کی بنیاد پر ضمانت جیسی غیر معمولی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ ملزم نجف حمید کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی انکوائری جاری ہے۔تحریری فیصلے کے مطابق سرکاری عہدے کا غلط استعمال ایک سنگین معاملہ ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا استغاثہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
فیض حمید کے بھائی کی ضمانت منسوخی کا تحریری فیصلہ جاری
