لاہور میں بسنت کے دوران مفت ٹرانسپورٹ کا پلان فائنل

لاہور (پی این ایچ)حکومت پنجاب کا لاہور میں بسنت کے دوران مفت ٹرانسپورٹ کا پلان فائنل کر لیا گیا ۔کمشنر لاہور ڈویژن نے ٹرانسپورٹ پلان کی منظوری دے دی، شہری میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین سے مفت سفر کر سکیں گے۔کمشنر لاہور کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی، نجی رائیڈر کمپنیاں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی جبکہ سرکاری کالجز اور یونیورسٹیز سے بھی بسنت کے لیے بسیں مانگ لی گئیں ہیں۔پلان کے مطابق لاہور کے 24روٹس پر مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائیگی، لاہور کے فیڈر روٹس سے 228بسیں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی، میٹر بس سروس کی 64بسیں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی جبکہ مختلف سرکاری کالجز سے 54بسیں، یونیورسٹیز سے 73 بسیں بھی مفت ٹرانسپورٹ سہولت دیں گی۔اورنج لائن میٹرو ٹرین سے یومیہ تقریبا اڑھائی لاکھ افراد سفر کر سکیں گے، میٹرو بس سے یومیہ گجومتہ تا شاہدرہ 87ہزار افراد مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت لے سکیں گے، لاہور کے فیڈر روٹس کے ذریعے یومیہ ایک لاکھ 27ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی گنجائش بھی موجود ہوگی۔رانا ٹان تا ریلوے سٹیشن 13بسیں ، آر اے بازار تا چونگی 4، بھٹی چوک تا شاد باغ 5بسیں، ڈپو چوک تا چونگی 4اور کنال سے جناح ٹرمینل تک 12 بسیں چلیں گی۔پلان میں مزید واضح کیا گیا کہ ریلوے سٹیشن تا گلشن راوی 8، وحدت روڈ تا قرطبہ چوک 11، آر اے بازار تا ناصر باغ 13 بسیں اور پرانا کاہنہ تا آر اے بازار 19، بھٹی چوک تا آر اے بازار 19 بسیں اور جناح بس ٹرمینل تا بی آر بی 17 بسیں چلائی جائیں گی۔مجموعی طور پر بسوں کے ذریعے یومیہ 5لاکھ 16ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت کا انتظام ہوگا جبکہ نجی کمپنی کے 5ہزار رکشوں کی برانڈنگ کر کے انہیں بھی مفت ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔