میں چاہتی ہوں لاہور قلندرز امریکی کرکٹ کی ترویج میں مدد کرے ‘ناٹلی بیکر

لاہور(پی این ایچ)پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور ناٹلی اے بیکر نے امریکی کرکٹ کے روشن مستقبل کے لیے ایک پرعزم وژن پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں چاہتی ہوںکہ لاہور قلندرز امریکی کرکٹ کے مستقبل کے ستارے تراشنے میںہماری مدد کرے ۔لاہور قلندرز کی ایک دہائی پر محیط اثر و رسوخ کے جشن کے لیے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئیانہوںنے لاہور قلندرز کی ٹیم کی کامیابیوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ جب امریکہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ اور 2028 کے اولمپکس جیسے عظیم الشان عالمی مقابلوں کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے تو ایک مضبوط اور مسابقتی کرکٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ لاہور قلندرز امریکہ میں کرکٹ کے مستقبل کے ستارے پیدا کرنے میں ہماری مدد کرے۔انہوں نے قلندرز کے شہرہ آفاق ہائی پرفارمنس سینٹر کے ماڈل کو امریکی سرزمین پر منتقل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس تعاون کا پل تعمیر ہونا شروع ہو چکا ہے۔ قلندرز کے کئی ستارے پہلے ہی امریکی کرکٹ لیگز میں شرکت کے لیے تیار ہیں جو کہ 2028 کے اولمپکس سے قبل وہاں اس کھیل کے فروغ میں ایک مہمیز کا کام کرے گا۔انہوںنے عاطف رانا اور سمین رانا کی دور اندیش قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔