نوابشاہ ،گھر میں گیس لیکیج سے دھماکہ، 2 بچے جاں بحق

نواب شاہ(پی این ایچ) نواب شاہ کے گنجان آباد علاقے گولیمار میں علی الصبح ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں غفوردین عباسی پلمبر کے گھر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے زور دار دھماکے سے گھر کی چھت منہدم ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو معصوم بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ گھر کے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ گھر کی چھت اور دیواریں بری طرح متاثر ہوئیں اور ملبہ رہائشی افراد پر آ گرا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے ملبے تلے دبے زخمیوں اور جاں بحق بچوں کی نعشوں کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ دھماکہ گیس لیکج کے باعث ہوا، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔