وفاقی وزیر کی عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے کھلی کچہری ، مسائل سنے

چنیوٹ(پی این ایچ)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے پیر کے روز چنیوٹ میں اپنے ڈیرے پر عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں مختلف وفاقی اداروں کے ضلعی سربراہان، انتظامی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بجلی، گیس، صحت، تعلیم، ریونیو اور دیگر بنیادی مسائل وفاقی وزیر کے سامنے پیش کیے، جن پر قیصر احمد شیخ نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی نمائندے عوام سے براہِ راست رابطے کے ذریعے ہی حقیقی مسائل سے آگاہ ہو سکتے ہیں۔اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کا قیام، صنعتی زونز کی ترقی اور ریگولیٹری اصلاحات جیسے اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ ون ونڈو فیسلیٹیشن سسٹم کے تحت شہریوں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے وفاقی وزیر کی جانب سے مسائل سننے، موقع پر احکامات جاری کرنے اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کرنے کے اقدام کو سراہا۔