پاکستان ،افغانستان و تاجکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد (پی این ایچ)افغانستان، پاکستان اور تاجکستان کے متعدد شہر زلزلے کے زور دار جھٹکوں سے لرز اٹھے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8ریکارڈ کی گئی۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبہ پنجشیر کے علاقے بازارک میں تھا۔یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلے کی گہرائی سطح زمین سے 90کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث اس کے جھٹکے کابل سمیت افغانستان کے مختلف شہروں اور ہمسایہ ممالک پاکستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔حکام کے مطابق پاکستان کے شہر وں اسلام آباد اور راولپنڈی ،سرگودھا ، کوہاٹ ، صوابی ، پشاور ، چترال ، مالاکنڈ ، باجوڑ ، شانگلہ ، پاراچنار شہر، لنڈی کوتل ، شمالی وزیرستان اور مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔