پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے ہرا کر سات سال بعد سیریز جیت لی

لاہور (پی این ایچ)پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0ـ2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے،جواب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوورز میں 108رنز پر ڈھیر ہوگئی ،آسٹریلیا کی ٹیم گرین شرٹس کے اسپنرز کا سامنا نہ کرسکی اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی رہیں ، پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا 76 رنز بناکر نمایاں رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے،پاکستان نے آسٹریلیا کو 7 سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی ہے، سیریز کا تیسری اور آخری میچ (آج)اتوار کو کھیلا جائیگا۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جہاں قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 76، عثمان خان نے 53 اور صائم ایوب نے 23 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے ریویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ 7 بیٹرز دہرے ہندسے میں بھی نہ جاسکے۔ آسٹریلیا کی تمام وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے لیں،شاداب خان اور ابرار احمد 3، 3 عثمان طارق 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 0ـ2 کی ناقابلِ شکست برتری بھی حاصل کرلی،پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔یاد رہے کہ دوسرے ٹی ٹوٹنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا ہے۔