پاکستان کی امریکہ کو برآمدات میں مسلسل تیسرے ماہ کمی ریکارڈ

لاہور( پی این ایچ)پاکستان کی امریکہ کو برآمدات میںمسلسل تیسرے ماہ کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق امریکہ کو پاکستان کی برآمدات دسمبر میں کم ہو کر 447 ملین ڈالررہ گئیں جو گزشتہ سال دسمبر میں 449 ملین ڈالر تھیں،دسمبر میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کم ہو کر 2.317 ارب ڈالررہ گئیں جو گزشتہ سال دسمبر میں 2.911 ارب ڈالرتھیں یوں سالانہ بنیاد پر 20.41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔دسمبر میں درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 6.022 ارب ڈالر ہو گئیں، جس کے نتیجے میں ماہانہ تجارتی خسارہ بڑھ کر 3.705 ارب ڈالرہو گیا جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2.993 ارب ڈالر تھا۔مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ(جولائی تا دسمبر)کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات 15.184 ارب ڈالررہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 16.631 ارب ڈالر تھیں جس کے مطابق 8.70 فیصد کمی ہوئی۔ اسی عرصے میں درآمدات میں 11.28 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 34.388 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، یوں مجموعی تجارتی خسارہ بڑھ کر 19.204 ارب ڈالر ہو گیا جو گزشتہ سال کے 14.271 ارب ڈالرکے مقابلے میں 34.57 فیصد زیادہ ہے۔امریکہ کو پاکستان کی برآمدات دسمبر میں کم ہو کر 447 ملین ڈالررہ گئیں جو گزشتہ سال دسمبر میں 449 ملین ڈالر تھیں۔ نومبر 2025 میں برآمدات میں 8 فیصد کمی ہوئی اور یہ 439 ملین ڈالرتک گر گئیں۔ اکتوبر میں بھی برآمدات میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ماہرین کے مطابق امریکہ کی جانب سے اگست میں جوابی ٹیرف کے نفاذ کے بعد پاکستان کی برآمدات متاثر ہوئیں۔