لاہور (پی این ایچ)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ (آج)ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،پاکستان ٹیم کو مہمان آسٹریلوی ٹیم کے خلاف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، ہر میچ کے بعد پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ شائقین اور میڈیا نمائندوں کو ٹیموں کے خیالات سے آگاہ کیا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کو22 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم کو کینگروز کے خلاف سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہے۔ اگر پاکستان ٹیم دوسرا میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ سیریز میں فیصلہ کن برتری قائم کر لے گی۔آسٹریلیا کی فتح کی صورت میں سیریز 1،1سے برابر ہو جائیگی اور پھر تیسرا اور آخری میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچز کا ریکارڈ انتہائی دلچسپ رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے ابھی بھی آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے ۔ پاکستان نے13 جبکہ آسٹریلیا نے 14 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔شائقین کرکٹ کو اتوار کو ایک سنسنی خیز اور اعلی معیار کے مقابلے کی توقع ہے، جہاں پاکستان سیریز جیتنے اور آسٹریلیا سیریز میں واپسی کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔
پاک آسٹریلیا ٹی20 سیریز کا دوسرا میچ (آج)قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا
