28ارب کا پیکیج،حکومت یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین میں معاملات طے

اسلام آباد(پی این ایچ)حکومت اور یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کے درمیان معاملات طے پاگئے، حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کے لیے 28 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی۔حکومت نے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا اعلان کردیااس ضمن میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یوٹیلٹی کارپویشن کا ملکی معیشت میں اہم کردار رہا ہے جس کا خسارہ کم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔انہوںنے کہاکہ تمام تر کوششوں کے باوجود خسارہ کم نہ ہونے کی صورت میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپویشن کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق 31 اگست کو یوٹیلیٹی اسٹورز بند کیے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کی تعداد 11 ہزار 614 ہے جن کے لیے متفقہ پیکج تیار کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نے ملازمین کیلئے 28 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی۔وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ ملک بھرمیں یوٹیلٹی اسٹورزکے اثاثوں کو نیلام کیاجائے گا، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاگیا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے کنٹریکٹ ملازمین کو بھی پیکج دیا جارہا ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کو ازالے کے لیے مختلف پیکجز دیے جائیں گے،مستقل اور عارضی ملازمین کو ان کی سروس کے حساب سے اچھے پیکجز دیے جائیں گے۔