9 واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلہ کھاریاں میں اختتام پذیر

راولپنڈی(پی این ایچ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کردار، جرات اور قابلیت کو لازوال عسکری اوصاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں یہ اوصاف پاکستانی جوان ثابت کر رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں اختتام پزیر ہو گئے، اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل گشت پر مبنی عسکری مشق ہے، جس کا مقصد پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں میں موثر اضافہ کرنا ہے۔ مشق میں شریک ٹیموں کے درمیان جدید خیالات اور حربی تجربات کا تبادلہ کیا گیا جبکہ بہترین عسکری طریقہ کار سے باہمی سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ یہ مشق 5 فروری 2026 سے باقاعدہ طور پر منعقد کی گئی اور اسے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں انجام دیا گیا، جہاں علاقے نے حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ عملی ماحول فراہم کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے تمام ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا کی اعلی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، عملی صلاحیت، جنگی مہارت اور بلند حوصلے کو قابلِ ستائش قرار دیا۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے کثیر القومی عسکری مشقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں مشترکہ تیاری کو مضبوط بناتی ہیں اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی ناگزیر ہے۔انہوں نے کردار، جرات اور قابلیت کو لازوال عسکری اوصاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں یہ اوصاف پاکستانی جوان ثابت کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے گئے۔تقریب میں بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشی بھی شریک تھے، مہمانوں نے اعلی پیشہ ورانہ معیار اور بہترین انتظامات کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس سال مقابلے میں 19 ممالک نے شرکت کی، بحرین، بنگلادیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن اور سعودی عرب مشق میں شریک تھے، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان بھی اس بین الاقوامی عسکری مقابلے کا حصہ تھے، انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مشق میں بطور مبصر شرکت کی۔پاکستان آرمی اور نیوی کی 16ملکی ٹیموں نے بھی مقابلے میں حصہ لیا، پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نیشنل کانٹر ٹیررازم سینٹر پبی بھی گئے، جہاں انہوں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں کا عملی مشاہدہ کیا، نئے قائم شدہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا بھی دورہ کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں اور تکنیکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا، روایتی تربیتی طریقوں کے ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔