سْست (پی این ایچ)نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے زیرِ انتظام سْست ڈرائی پورٹ نے خنجراب پاس کے راستے سال بھر جاری رہنے والی کارگو تجارت کا دوسرا کامیاب سال مکمل کر لیا ہے،شدید موسمی حالات اور بھاری برفباری کے باوجود بندرگاہ پورا سال فعال رہی۔گوادر پرو کے مطابق شدید موسم اور برفباری کے باوجود ڈرائی پورٹ پورا سال مکمل طور پر فعال رہا،پاکستان اور چین کے درمیان بلا تعطل تجارت کو یقینی بنانے کے لیے این ایل سی نے بندرگاہ پر جدید انفراسٹرکچر قائم کیا اور سہولیات کو اپ گریڈ کیا ہے، کارگو کلیئرنس کو تیز کرنے کے لیے جدید اسکیننگ سسٹمز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ وزن پل (ویٹ برج) شامل کیے گئے اور گوداموں کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کارگو کی حفاظت اور کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں سخت سردی کے باوجود تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، دسمبر 2025 میں سْست ڈرائی پورٹ نے 12 ہزار میٹرک ٹن درآمدی و برآمدی کارگو کی ہینڈلنگ کی۔ جنوری 2026 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 4,860 میٹرک ٹن سے زائد درآمدی و برآمدی کنٹینرز کلیئر کیے گئے جبکہ 132 خالی کنٹینرز کی ہینڈلنگ بھی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق این ایل سی نے چینی ٹرانسپورٹ سے وابستہ اداروں کے اشتراک سے ایک مشترکہ لاجسٹکس کمپنی بھی قائم کی ہے۔ اس اقدام سے چین کے دور دراز علاقوں اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ فارورڈ ٹرانزٹ ٹریڈ روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں، جس سے علاقائی روابط اور تجارتی انضمام کو فروغ ملا ہے۔
خنجراب پاس پر سال بھر تجارتی سرگرمیاں، پاک چین تجارت میں اضافہ
