ترلائی سانحہ ،عون عباس کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ ،ہر شہید کےلئے 50لاکھ امداد کا اعلان

اسلام آباد(پی این ایچ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی خدیجتہ الکبری امام بارگاہ آمد پر عون عباس کی بے مثال شجاعت کے اعتراف میں ان کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہر شہید کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے, شدید زخمی ہونے والوں کو تیس لاکھ روپے جبکہ دیگر زخمیوں کو دس لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم 6 فروری کے دہشت گردی کے مذموم، مکروہ اور انتہائی گھناؤنے واقعے پر دکھ میں مبتلا ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ ہمارے بزرگ، بھائی، بیٹے اور بچے اس دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ ہم سب اس پر سوگوار ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پوری قوم کی جانب سے تعزیت کے لئے حاضر ہوا ہوں۔ یقیناً یہ ہم سب کے لئے، خاص طور پر اہل خانہ کے لئے ناقابل برداشت صدمہ ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ اللہ شہداء کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر دے۔ شہبازشریف نے کہاکہ تمام علمائے کرام اور تمام مسالک کے مسلمانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو، اتحاد، یک جہتی اور ہم آہنگی قائم رکھ کر، اسلام اور مسلمان دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بہادری اور قربانی کی عظیم مثال نوجوان عون عباس کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔