خیبرپختونخوا میں ایمبولینسوں میں مریض دم توڑ رہے ہیں،امیرمقام

سوات (پی این ایچ)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو تین مرتبہ مینڈیٹ دیا مگر اس کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں مشکلات میں مبتلا کیا جا رہا ہے، کبھی شٹر ڈاؤن، کبھی پہیہ جام اور اب ایک شخص کی رہائی کے نام پر سڑکیں بند کی جا رہی ہیں جس کے باعث ایمبولینسوں میں مریض دم توڑ رہے ہیں، عوام کی پروازیں مس ہو رہی ہیں اور اشیائے خورد و نوش کی بروقت ترسیل میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو فضاگٹ، سوات میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت فضاگٹ، سوات میں ایک بھرپور اور مؤثر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی عہدیداران، کارکنان سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں وفاقی محکموں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھ۔ وفاقی وزیر نے عوام کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعدد مسائل کے حل کیلیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 2018 میں گیس کنکشنز پر عائد پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں گیس فراہمی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تین مرتبہ مینڈیٹ دیا، مگر اس کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں مشکلات میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ کبھی شٹر ڈاؤن، کبھی پہیہ جام اور اب ایک شخص کی رہائی کے نام پر سڑکیں بند کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ایمبولینسوں میں مریض دم توڑ رہے ہیں، عوام کی پروازیں مس ہو رہی ہیں اور اشیائے خورد و نوش کی بروقت ترسیل میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہی عوام جنہوں نے تین بار مینڈیٹ دیا، آج انہی کے لیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کا بنیادی ایجنڈا عوام تک بلا امتیاز ریلیف پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو میرٹ کی بنیاد پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مستحق افراد کیلیے رمضان پیکج میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال 5,000 روپے تھا اور اس سال بڑھا کر 13,000 روپے کر دیا گیا ہے۔ آخر میں انجینئر امیر مقام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقی اور حقیقی ریلیف کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور سوات سمیت پورے خیبر پختونخوا میں عوامی مسائل کے حل کیلیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔