اسلام آباد پولیس نے 20کلو سونا چرانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا

ملزم متعدد جیولرز سے سونا لے کر فرار ہو گیا تھا اور اس کے خلاف تھانہ اچھرہ میں دس مقدمات درج ہیں
اسلام آباد(پی این ایچ)لاہور کے علاقے اچھرہ سے دکانداروں کا 20 کلو سونا لے کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کو پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم متعدد جیولرز سے سونا لے کر فرار ہو گیا تھا اور اس کے خلاف تھانہ اچھرہ میں دس مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کیس میں تقریبا 20 کلو سونا چوری ہونے کے دعوے سامنے آئے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی مقدار اور مالیت کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔یہ معاملہ دسمبر میں اس وقت سامنے آیا جب لاہور کی معروف جیولری مارکیٹ لطیف سینٹر میں شیخ وسیم نامی سونے کا ایک تاجر مبینہ طور پر دیگر دکانداروں کا سونا لے کر غائب ہو گیا۔اس واقعے پر فیروز پور روڈ پر واقع اس مارکیٹ کے کئی دکانداروں نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو ہاتھ میں شاپر اٹھائے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔