باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، میجر شہید

میجر عدیل زمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا
باجوڑ (پی این ایچ)ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج ہلاک جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر عدیل زمان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق خار باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس میں بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر عدیل زمان شہید ہوگئے، ان کا تعلق ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان نے فرنٹ سے فوجی جوانوں کو لیڈ کیا اور بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔