شہادت کےلئے تیار ہوں،عمران خان

اسلام آباد(پی این ایچ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا، عوام کی آزادی لے کر رہوں گا یا شہادت کے لیے تیار ہوں۔خیبرپختوخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ہمارے وکلا کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی کا سامنا ہے، دیگر ٹرائل کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق فیملی کو بھی کورٹ روم تک رسائی نہیں ہو گی، میلوں دور بیٹھے جج ویڈیو لنک پر کیس کی سماعت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات موجود ہیں جن میں کہا گیا تھا بانی پی ٹی آئی کو فئیر اور اوپن ٹرائل کا حق ملے گا، بانی پی ٹی آئی کی منگل اور جمعرات کو ہونے والی ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومتی ترجمان کے مطابق کہا گیا عمران خان کو ملاقاتوں کی اجازت دی گئی ہے جو سرا سر جھوٹ ہے، بانی پی ٹی آئی نے آج کہا ہے عوام کو اپنے حق کیلئے کھڑا ہونا پڑا گا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، عدالتوں میں بانی پی ٹی آئی کے کیسز نہیں سنے جارہے، عدالتی دروازے بند ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عوام اب سڑکوں پر آکر آواز بلند کریں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے اب عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، بانی کا پیغام ہے کہ عوام اپنے حقوق کیلئے نکلیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ تمام اسیران بالخصوص خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔