اسلام آباد(پی این ایچ)حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سپیکر سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے جب کہ حکومتی وفد سپیکر کی درخواست پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہی مذاکرات ہوں گے۔ غیر منتخب نمائندوں سے بات چیت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب اسپیکر آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابط رابطہ نہیں کیا۔سپیکر آفس ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رضا مند ہوئی تو فوری طور پر سپیکر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔اس حوالے سے پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر کی پیشکش کے باوجود ابھی تک اپوزیشن نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ اسپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دی ہوئی ہے ۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات،حکومت سرگرم
