ایران میں احتجاج،ٹرمپ براہ راست ملوث ہے ،خامنہ ای

تہران(پی این ایچ) آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حالیہ مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں اور مالی نقصان کے اصل ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو مجرم ہے ،ان مظاہروں کے پیچھے براہ راست امریکی صدر ملوث ہیں۔آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ہلاکتوں، مالی نقصان اور عوام کے خلاف پروپیگنڈے کے اصل ذمہ دار خود امریکی صدر ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ حالیہ ایران مخالف بغاوت اس لحاظ سے مختلف تھی کہ اس میں امریکی صدر ذاتی طور پر ملوث تھا۔انھوں نے الزام لگایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی عوام کو اکسانے، ملک میں بدامنی پھیلانے اور سوشل میڈیا و بیانات کے ذریعے تشدد کو ہوا دینے میں براہِ راست کردار ادا کیا۔آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ احتجاجات کسی عوامی تحریک کے بجائے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی منصوبہ بند سازش تھے جن کا مقصد ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔ایران کے رہبر اعلیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن قوتیں اقتصادی مشکلات کو بہانہ بنا کر نظام کے خلاف نفرت پھیلانا چاہتی تھیں۔