حملہ کرو ،مشرق وسطی میں تمہارے اڈے اڑا دینگے،ایران کا امریکہ کو منہ توڑ جواب

تہران(پی این ایچ) اگر ہم پر حملہ ہوا تو مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈّوں اور تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کا یہ ردعمل اُس وقت سامنے آیا جب صدر ٹرمپ نے ایرانی مظاہرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مدد بس راستے ہیں، آئینی اداروں پر قبضہ کرلیں۔ایرانی حکام نے نہ صرف امریکا کو جواب دیا بلکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو بھی مطلع کیا کہ امریکا نے حملہ کیا تو ان ممالک میں موجود امریکا کے فوجی اڈّے اور تنصیبات کو بھی دشمن سمجھا جائے گا۔ایرانی حکام نے مشرق وسطیٰ کے ان ممالک سے مقامی انٹیلی جنس کو متحرک اور سیکیورٹی اداروں کو چوکنا رکھنے کی درخواست کی ہے تاکہ امریکا ان فوجی اڈوں کو ایران پر حملے کے لیے استعمال نہ کرے۔اس بیان کے بعد ہی رائٹرز کو سفارتی ذرائعوں نے بتایا کہ امریکا نے قطر میں واقع اپنے سب سے بڑے فوجی اڈے سے کچھ فوجی افسران کو واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔جس پر قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ العدید ایئربیس سے بعض اہلکاروں کی عارضی منتقلی موجودہ علاقائی تناؤ کے ردِعمل میں کی گئی ہے۔