پاکستان بھر میں 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد (پی این ایچ) پاکستان بھر میں 15 جنوری کوانٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کی ایک اہم سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام شیڈول کیا گیا ہے جس کے باعث پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو 15 جنوری کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس حوالے سے انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ کمپنی نیا ٹیل (Nayatel) کا کہنا ہے کہ یہ مرمتی کارروائی دوپہر تقریباً 2 بجے شروع ہوگی اور اس میں تقریباً آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں جس کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو ای میل پیغام بھیجا گیا، جس میں کمپنی نے کہا ہے کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے جو انتہائی ناگزیر ہے، اگرچہ کمپنی نے کیبل کی درست جگہ یا خرابی کی تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم صارفین کو ممکنہ طور پر انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، اس کے پیش نظر نیا ٹیل اور دیگر سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مرمت کے دوران اپنی اہم آن لائن سرگرمیوں کی پیشگی منصوبہ بندی کرلیں تاکہ ممکنہ تعطل سے متاثر نہ ہوں۔بتایا جارہا ہے کہ پاکستان عالمی انٹرنیٹ رسائی کے لیے محدود تعداد میں سب میرین کیبلز پر انحصار کرتا ہے، مرمتی کام اگرچہ ضروری ہیں لیکن ان کے اثرات صارفین پر نمایاں پڑتے ہیں، مرمت کے دوران ڈیٹا متبادل راستوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے تاہم اس دوران انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو سکتی ہے، سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خرابی براؤزنگ، سٹریمنگ، آن لائن کام اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کو متاثر کر سکتی ہے۔