گرین لینڈ معاہدے میں ڈنمارک کی خودمختاری برقرار، دفاعی شرائط میں تبدیلی کی تجویز

واشنگٹن (پی این ایچ )نیٹو کے سیکرٹر ی جنرل مارک روٹے کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کیے گئے گرین لینڈ سے متعلق مجوزہ معاہدے میں جزیرے پر ڈنمارک کی خودمختاری برقرار رکھنے، تاہم دفاعی انتظامات میں تبدیلی کی تجویز دی گئی ہے۔ امریکی میڈیا ادارے نے یہ رپورٹ دو باخبر ذرائع کے حوالے سے شائع کی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس مجوزہ منصوبے میں گرین لینڈ کی مجموعی خودمختاری کو ڈنمارک سے امریکا منتقل کرنے کی کوئی شق شامل نہیں۔تاہم 1951 میں امریکا اور ڈنمارک کے درمیان طے پانے والے گرین لینڈ دفاعی معاہدے کو اپ ڈیٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت امریکا کو جزیرے پر فوجی اڈے قائم کرنے اور نیٹو کی ضرورت کے تحت دفاعی علاقے بنانے کی اجازت دی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ معاہدے میں آرکٹک خطے میں نیٹو کی سرگرمیوں میں اضافہ، گرین لینڈ کے لیے مضبوط سکیورٹی انتظامات، اور جزیرے میں قدرتی وسائل کے استخراج جیسے نکات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرین لینڈ میں امریکی گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کے عناصر کی تعیناتی اور روس و چین کی جانب سے مبینہ بیرونی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی شقیں بھی تجویز کا حصہ ہیں۔