راولپنڈی(پی این ایچ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آرکے مطابق پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کور کمانڈر گوجرانوالہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل کو بارشوں کے نئے سپیل اور اس کے پیش نظر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے جوانوں اور سول انتظامیہ کے درمیان مثالی کوآرڈی نیشن کو سراہا اور ریسکیو سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کرتارپور میں سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مذہبی مقامات اور اقلیتوں کا تحفظ ریاست پاکستان اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔
عاصم منیر کا سیلابی علاقوں کا دورہ ،متاثرین سے ملاقات
