تعمیری ،مثبت صحافت سے معاشرے ترقی کرتے ہیں، فیصل ممتاز راٹھور

اسلام آباد (پی این ایچ)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے،تعمیری اور مثبت صحافت سے معاشرے ترقی کرتے جبکہ زرد صحافت سے معاشروں میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔محکمہ اطلاعات اور صحافیوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے دونوں ساتھ ساتھ مگر اپنے اپنے دائرے میں چلتے ہیں حکومت اور صحافت کا تعلق چولی دامن کا ساتھ ہے، اور ایک ذمہ دار اور فعال صحافت ریاستی استحکام، عوامی شعور اور جمہوری اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ریاست کے روزنامے جنت نظیر کی سالگرہ کی تقریب میں چیف ایڈیٹر اعجاز خان اور صحافیوں کے ہمراہ کیک کاٹنے کے بعد گفتگو کرتے ہوے کیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ریاستی اخبارات نہ صرف حکومتی موقف کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچاتے ہیں بلکہ تحریکِ آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صحافی برادری اور ریاستی میڈیا کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ میڈیا آزادانہ، غیر جانبدار اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکے۔وزیراعظم نے اپنے مختصر دورِ حکومت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایسے حالات میں ذمہ داریاں سنبھالیں جب عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد متزلزل ہو رہا تھا اور حکومتی مدت اپنے اختتامی مراحل میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ محدود وقت اور مشکل حالات کے باوجود حکومت نے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی بلکہ کئی اہم اور دور رس فیصلے بھی کیے، جو بظاہر اس قلیل مدت میں ممکن دکھائی نہیں دیتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض ایسے منصوبے اور اقدامات، جو وقت کی کمی کے باعث مکمل نہ ہو سکے، ان کے لیے مضبوط بنیاد اور واضح لائحہ عمل ترتیب دے دیا گیا ہے، تاکہ آنے والی حکومتیں ان پر باآسانی عمل درآمد کر سکیں اور ترقی کا سفر تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے، اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل کو یقینی بنایا جاے گا۔تقریب کے اختتام پر روزنامہ جنت نظیر کی صحافتی خدمات کو سراہا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ ادارہ آئندہ بھی ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے عوامی آگاہی اور قومی و ریاستی مفادات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔