دہشت گردی انڈیا کا اندرونی مسئلہ ہے بیرونی نہیں،عطاء تارڑ

اسلام آباد (پی این ایچ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی انڈیا کا اندرونی مسئلہ ہے بیرونی نہیں،داخلی مسائل کو خارجی اور خارجی مسائل کو داخلی رنگ دینا بھارت کا وطیرہ ہے، بھارت پہلگام واقعہ کی تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ تھا۔ معرکہ حق کی مناسبت سے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی، پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی انڈیا کا اندرونی مسئلہ ہے بیرونی نہیں، جموں و کشمیر کا مسئلہ عالمی مسئلہ ہے، جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ داخلی مسائل کو خارجی اور خارجی مسائل کو داخلی رنگ دینا بھارت کا وطیرہ ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پہلگام واقعہ کے بارے میں کسی قسم کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں اور 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر درج کرلی گئی، بغیر تحقیق کے پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا گیا، ریاستی اداروں میں مکمل یکسوئی ہماری مضبوطی کا مظہر ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کے دوران پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کرانے کی پیش کیش کی، آج ایک سال گذر چکا ہے انڈیا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت پہلگام واقعہ کی تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، بھارت نے پاکستان میں سویلین آبادی پر حملہ کیا، پہلگام واقعہ کے حوالے سے مقامی اور صحافیوں کو بیلا نور شاہ کے علاقے کا دورہ کروایا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بیانیہ کے محاذ پر ہمیں کامیابی ملی، ہم نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ایک پاکستانی دہشت گردی کے خلاف اپنی جان کی قربانی دیتا ہے تو وہ صرف پاکستان کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قربانیاں لازوال ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایک ایسا ملک پاکستان پر الزام لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ملکوں میں سکھوں کے قتل میں ملوث پایا گیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ کلبھوشن یادو کو پاکستان میں گرفتار کیا گیا جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا، کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں پکڑے جانا بھارتی دہشٹ گرد ذہنیت کی واضح مثال ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ بیانیہ کے محاذ پر ہم نے دنیا کو سچ سے آگاہ کیا، معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ تھا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ دوسری جانب بھارتی میڈیا اور بھارتی حکومت نے جھوٹ اور غلط بیانی کا مظاہرہ کیا، بھارتی میڈیا نے لاہور اور ملتان میں بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کے جھوٹے دعوے کئے جو لینڈ لاک سٹیز ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بھارتی میڈیا نے مضحکہ خیز رپورٹنگ کی، پاکستان نے بیانیہ، عسکری، سفارتی محاذوں پر کامیابی حاصل کی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی سول و عسکری قیادت ایک پیج پر تھی، ہر سطح پر تعاون اور ہم آہنگی موجود تھی، معرکہ حق کے دوران نوجوانوں نے سوشل میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان نے انڈیا میں عسکری اہداف کو جبکہ بھارت نے پاکستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔انہوںن۔ کہاکہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، چیلنجز سے نمٹنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں