اسلام آباد(پی این ایچ)نادرا کے نام سے کتنی جعلی ویب سائٹس بنا کر عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے اس کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ سمیت دیگر شناختی دستاویزات فراہم کرنے کا واحد مجاز ادارہ نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا)ہے۔ تاہم سائبر کرمنلز کے نادرا کے نام سے کئی جعلی ویب سائٹ بنا کر عوام کو دھوکا دینے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے نادرا کی جانب سے عوام کی آگہی کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔نادرا نے جعلی ویب سائٹس کی نشاندہی کی ہے جو عوام کو دھوکا دینے اور حساس ذاتی معلومات اکٹھا کرنے کے لیے اس کی سرکاری ویزا سروسز کی نقالی کر رہی ہیں۔نادرا کے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ مندرجہ ذیل ویب سائٹس جعلی ہیں اور بدنیتی پر مبنی مقاصد کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ https://www.visa.nadragov.online/، https://applyevisa.com/pakistan/،نادرا کی جانب سے شہریوں کو سختی سے انتباہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور صرف سرکاری ویب سائٹ https://visa.nadra.gov.pk/ کے ذریعے نادرا کی خدمات تک رسائی حاصل کریں۔نادرا ہر کسی سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات غیر تصدیق شدہ پلیٹ فارمز پر شیئر نہ کریں اور کسی بھی مشکوک ویب سائٹ کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔واضح رہے کہ ذاتی تفصیلات درج کرنے سے پہلے یہ تصدیق کرنا ضروری ہے کہ کوئی بھی سرکاری ویب سائٹ .gov.pk پر ختم ہوتی ہے۔
عوام کو دھوکہ دینے والی نادرا کے نام سے جعلی ویب سائٹس منظرعام پر آگئیں
