پاکستان کا قیام اسلاف کی قربانیوں کا نتیجہ ہے،آسیہ ناز تنولی،راجہ صبی دھنیال

مری(پی این ایچ)مسلم لیگ ن خواتین ونگ ضلع مری شعبہ خواتین کے زیرِ اہتمام مری آرٹس کونسل میں جشنِ آزادی کی پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس تقریب میں قومی اسمبلی کی رکن آسیہ ناز تنولی نے خصوصی شرکت کی۔شریک خواتین نے سبز اور سفید رنگوں پر مشتمل لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ شرکا نے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔تقریب کا اہتمام راجہ صبی دھنیال صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ مری نے کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی آسیہ ناز تنولی نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے تاریخی قربانیاں دے کر یہ وطن حاصل کیا،دو قومی نظریہ کے تحت اگر یہ ملک حاصل نہ کیا جاتا تو آج ہم آزاد فضاؤں میں سانسیں نہ لے رہے ہوتے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ حقیقی معنوں میں مملکت خداداد پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح نے افکار کے مطابق بنائے گی۔اس موقع پر راجہ صبی دھنیال صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ مری نے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کے سبب وجود میں آیا۔پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ماضی میں ناکام رہے اور آئندہ بھی منہ کی کھائیں گے۔تقریب کے اختتام میں مملکت خداداد کی سلامتی کےلئے دعائیں کی گئیں۔