پشاور، مظفر آباد، باجوڑ، گلگت، مانسہرہ بونیر (پی این ایچ) شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے خیبر پختونخوا میں تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 198 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی اور سیکڑوں تاحال لاپتہ ہیں.پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بٹگرام، باجوڑ اور مانسہرہ میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف حادثات 198 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے جبکہ کئی لاپتہ ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 163 مرد، 12 بچے اور 14 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 18 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، بارشوں اور فلش فلڈ سے 71 گھروں کو نقصان پہنچا،7 گھر مکمل جبکہ 64 گھر جزوی تباہ ہوئے، 3 سکولوں کو بھی نقصان ہوا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، سوات، بونیر اور شانگلہ کے اضلاع میں پیش آئے، سب سے زیادہ نقصان ضلع باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہیں۔
کے پی،جی بی،آزادکشمیر،سیلابی تباہ کاریاں،198افراد لقمہ اجل بن گئے
