وزیر اعظم نے خواتین کا مسیحا بننے کی کوشش کی لیکن انہیں ناکامی ہوئی، پرینکا گاندھی

نئی دلی(پی این ایچ)کانگریس کے رہنما اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے ایوان میں پیش کیے جانے والے تین بلوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی حکومت ان بلوں کی آڑ میں اپنے مذمو م ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے ،ویمن ریزرویشن بل صرف ایک دکھاوا ہے اور اسکا خواتین کو بااختیار بنانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت خواتین کے حقوق کی آڑ میں بھارت کا انتخابی نقشہ بدلنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مہیلا(خواتین) کوٹہ بل 2023میں منظور ہوچکا ہے ،پرانا بل ہی واپس لائیے ہم اسکی تائید کر یں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ویمن کوٹہ کو ذات پات پر مبنی مردم شماری کو درکنار کرنے اور دیگر پسماندہ طبقات کو ایوان میں انکے حق سے محروم کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے جو ایک شرمناک حرکت ہے ، حکومت خواتین کو ریزرویشن دینے کے بجائے اسکے پیچھے چھپ رہی ہے اور اسے اپنے سیاسی مقصد کو پورا کرنے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ حکومت دراصل خواتین سے اختیارات چھین لینا چاہتی ہے ، بی جے پی ڈری ہوئی ہے کیونکہ اسکی سیاسی طاقت مٹتی جا رہی ہے لہذا وہ ملک کا سیاسی منظر نامہ بدلنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے حلقوں کی از سر حدبندی کے بل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جنوبی بھارت کی نمائندگی گھٹ جائے گی لہذا کانگریس ان بلوں کی پر زور مخالف کے اپنے عہد پر قائم ہے ۔یاد رہے کہ دو تہائی اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے خواتین ریزرویشن بل گزشتہ روز مسترد ہو گیا۔دریں کانگریس کی جنرل سیکرٹری اور راہول گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کا ریزرویشن اس ملک کی خواتین کا حق ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا مگر وزیر اعظم نریندر مودی بدنیتی سے اسے 2011کی مردم شماری اور اس پر مبنی حلقہ بندی سے جوڑ کر خواتین کا مسیحا بننے کا کھوکھلا دعوی ٰ کر رہے ہیں لیکن آج انہیں اس حوالے سے ناکامی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی اپوزیشن نے آج اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سالمیت کو محفوظ رکھا ہے ، آج سے اس ملک کی آواز کو دبانے کا عمل بند ہوگا ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ میں اپوریشن کے تمام ارکان پارلیمنٹ کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کیونکہ اگر یہ بل پاس ہو جاتے تو ملک میں جمہوریت نہیں بچتی ۔